بلاگنگ کے بارے میں حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ اس کا آغاز کب ہوا اور اس کا بانی کون تھا؟ البتہ ذاتی بلاگنگ کے بارے میں یہ اشارے ملتے ہیں کہ اس کی ابتداء 1994ء میں ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ ایک امریکی جسٹن ہال اولین بلاگرز میں شامل ہے۔ جس نے 1994ء میں اپنے کالج کے زمانے سے بلاگ لکھنا شروع کیا۔ اس کے علاوہ اسی دور میں جیری پورنیلی کا نام بھی اولین بلاگرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ تب کے بلاگ کی تکنیکی و ظاہری شکل آج کے بلاگ جیسی نہیں تھی۔ جسٹن اور جیری کی بلاگنگ ذاتی ڈائری اور ذاتی صحافت جیسی تھی۔
اس کے بعد ”بلاگر“ کی اصطلاح کا سرا بلاگ بنانے کی سہولت مہیا کرنے والی پیرا لیب کی ”بلاگر سروس“ سے ملتا نظر آتا ہے جوکہ 23 اگست 1999ء کو شروع ہوئی۔ بعد میں صاحبِ بلاگ (بلاگ نگار) کو بلاگر (Blogger) کہا جانے لگا۔ 2003ء میں بلاگر سروس کو مشہورِ زمانہ گوگل نے خرید لیا اور آج وہی سروس بلاگسپاٹ کے نام سے مشہور ہے۔ اس کے علاوہ بھی شروع میں کئی ایک سروسز سامنے آئیں جو بلاگ بنانے کی سہولت فراہم کرتی رہیں۔ ان میں اوپن ڈائری اور سلیش ڈاٹ قابل ذکر ہیں۔ اس کے بعد مووایبل ٹائیپ اور آج کی ایک مشہور سروس ورڈپریس ہے۔ آج کل بلاگ لکھنے کے عمل کو بلاگنگ (Blogging) کہا جاتا ہے۔ تمام بلاگز (Blogs) کو مشترکہ طور پر اور ان کے درمیان تعلقات کو یعنی بلاگنگ کی دنیا کو انگریزی میں Blogosphere کہا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح ”بریڈ گراہم“ نے 10 ستمبر 1999ء کو مذاق مذاق میں وضع کی اور آج تک یہی استعمال ہو رہی ہے۔ اسی ”بلاگرز کی دنیا“ کو اردو میں ”بلاگستان“ کہنے کا رواج پا گیا ہے۔
بلاگنگ شروع تو ہو چکی تھی مگر امریکہ میں 11 ستمبر 2001ء کے واقعہ کے بعد یہ کچھ زیادہ ہی پھیلنے لگی۔ ہر اہم واقعہ پر بلاگر کھل ڈل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری و ساری ہے۔
No comments :
Post a Comment